پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے مات دے دی

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 16 رنز سے شکست دے دی، یاسر شاہ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تین ٹیسٹ کی سیریز کا دوسرا میچ دبئی میں کھیلا گیا،گرین کیپ نے حارث سہیل،بابراعظم کی سنچریوں اور یاسر شاہ کی ریکارڈ ساز بولنگ کی بدولت ابوظہبی ٹیسٹ کا بدلا چکا دیا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بمشکل 4 رنز سےفاتح رہنے والی نیوزی لینڈ کو پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے دوران کھیل کے تمام ہی شعبوں میں آؤٹ کلاس کردیااور سیریز 1،1 سے برابر کردی،دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ 3 دسمبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔

پاکستانی لیگ اسپنر نے اپنی جادوئی بولنگ سے جہاں پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6 کیویز بیٹسمینوں کو میدان سے باہر کیا اور مجموعی طور پر 14 وکٹ اپنے نام کی،وہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔

یاسر شاہ جو میچ کے تیسرے دن کم رنز دے کر 8 وکٹ لینے کے معاملے میں عمران خان سے آگے نکل گئے تھے،آج انہوں نے عمران خان کا 36برس پرانا،میچ میں 14 وکٹ لینے کا ریکارڈ برابر کردیا۔

وہ پہلے پاکستان بولر ہیں جس نے ایک دن میں 10 وکٹ اپنے نام کئے،میچ میں شاندار بولنگ پر انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان نے میچ کی پہلی اننگز 5 وکٹ 418 رنز پر ڈیکلیئر کردی تھی جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 90 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے کل کے اسکور 2 وکٹ 131 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور اس کی پوری ٹیم 312 رنز پر پویلین لوٹ گئی یوں پاکستان نے میچ 16 رنز اور اننگز سے اپنے نام کرلیا۔

نیوزی لینڈ نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز 2 وکٹ 131رنز سے کیا، روس ٹیلرنے 49 اور ٹام لیتھم نے 44 رنز ناٹ آؤٹ سے اننگز آگے بڑھائی۔

کیویز کی تیسری وکٹ 146 کے اسکور پر گری، لیتھم کے نصف سنچری مکمل کرتے ہی حسن علی نے سرفراز احمد کی مدد سے انہیں پویلین بھیج دیا۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 198 کے اسکور پر گر گئی، اننگز کے ٹاپ اسکورر روس ٹیلر 82 بناکر بلال آصف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو پانچویں وکٹ255 کے اسکور پر ملی، بی جے واٹلنگ کو 27 کے انفرادی اسکور پر یاسر شاہ نے انہیں میدان بدر کیا،اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 312 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

گرینڈ ہوم 14،نیل واگز 10،ایش سودھی 2اور ٹرنٹ بولٹ بغیر کوئی رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حسن علی نے دوسری اننگز میں 3 اور میچ میں مجموعی طور پر 4 وکٹ اپنے نام کئے جبکہ بلال آصف کے حصے میں صرف ایک وکٹ آئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.