نیوزی لینڈ کی شاندار فتح، پاکستان کا سیمی فائنل کھیلنے کا خواب چکنا چور

نیوزی لینڈ نے آج سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کی امید میں بیٹھی پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کو مایوس کر دیا ہے اور سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

افغان اور پاکستانی مداحوں نے سری لنکا کی فتح کے ساتھ ساتھ آج بارش سے بھی امیدیں لگا رکھی تھیں، لیکن نہ آسمان سے بارش برسی اور نہ ہی سری لنکن بلے بازوں نے وکٹ پر زیادہ دیر کھڑے ہونے کی کوشش کی اور بینگلورو کے چناسوامی سٹیڈیم میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ نے یہ ہدف 24ویں اوور میں باآسانی پانچ وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا اور یوں اپنا نیٹ رن ریٹ انتہائی مستحکم کر لیا ہے۔

اکثر شائقین اب بھی یہ جاننا چاہتے ہوں گے کہ کیا پاکستان کی اب بھی سیمی فائنل تک رسائی کی کوئی امید باقی ہے؟ اس کا آسان جواب یہ ہے کہ ایسا ہونا بہت مشکل ہے بلکہ اگر پاکستان کی بولنگ فارم کو دیکھا جائے تو شاید ناممکن بھی۔

میچ کے بعد براڈ کاسٹر کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اگر پاکستان پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 300 رنز بناتا ہے تو اسے انگلینڈ کو 13 رنز پر آل آؤٹ کرنا ہو گا، (یعنی 288 یا اس سے زیادہ رنز سے) جبکہ اگر پاکستان پہلے بولنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 50 رنز پر آؤٹ کرتا ہے تو اسے یہ ہدف ڈھائی اوور یعنی 15 گیندوں میں حاصل کرنا ہو گا۔

پاکستان اس صورتحال تک اس لیے پہنچا کہ ورلڈ کپ کے پہلے دو میچوں میں فتح حاصل کرنے کے بعد پاکستان چار لگاتار میچ ہارا جس میں افغانستان سے شکست بھی شامل تھی۔

انڈیا کے خلاف 14 اکتوبر کو بھاری شکست کے بعد سے پاکستان ٹیم آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقہ کے خلاف سنبھل نہ پائی اور اس کا نیٹ رن تیزی سے گرتا رہا۔

اسامہ
،تصویر کا کیپشناسامہ میر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ 10 رنز پر چھوڑا اور انھوں نے 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی تھی

خیال رہے کہ سنہ 2019 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے پوائنٹس برابر تھے لیکن نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

اس ورلڈ کپ میں پاکستان کو سری لنکا کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے اور ویسٹ انڈیز کے بھاری شکست کھانے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

اس مرتبہ متعدد صارفین نے اس جانب توجہ دلائی ہے کہ پاکستان نیدرلینڈز کے خلاف ایک اوور پہلے آل آؤٹ ہوا، انڈیا کے خلاف 7.1 اوورز پہلے، آسٹریلیا کے خلاف ساڑھے چار اوورز پہلے اور جنوبی افریقہ کے خلاف 3.2 اوورز پہلے آوٹ ہو گئی تھی۔

اس سے نہ صرف پاکستان کے مجموعی نیٹ رن ریٹ پر فرق پڑا بلکہ پاکستان کو خاص طور پر جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے دوران یہ گیندیں انتہائی اہم ثابت ہوئیں۔

اس کے علاوہ اکثر افراد گذشتہ تین ورلڈ کپس سے پاکستان کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف اہم کیچ ڈراپ کرنے کے بارے میں بھی بات کر رہے ہیں۔ اس ورلڈ کپ میں اسامہ میر نے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ڈیوڈ وارنر کا کیچ 10 رنز پر چھوڑا اور انھوں نے 163 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

پورے ٹورنامنٹ میں ہی پاکستان کی بولنگ خاصی ناقص رہی ہے اور فاسٹ بولرز میں حارث رؤف جبکہ سپن ڈیپارٹمنٹ مکمل طور انڈیا کی سازگار پچوں پر وکٹیں لینے میں ناکام رہا ہے۔

اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم پورے ٹورنامنٹ میں انتہائی موقعوں پر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور ان کی کپتانی کے انداز پر بھی سوالیہ نشان موجود رہے۔

’وہ ترے نصیب کی بارشیں کسی اور چھت پر برس گئیں‘

پاکستانی مداح جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کے بعد سے پاکستان کی فتوحات کے علاوہ دیگر میچوں کے نتائج سے بھی امید لگائے بیٹھے تھے اور یہ نتائج آج تک تمام میچوں میں پاکستان کے حق میں آ رہے تھے۔

تاہم آج سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے دوران بارش متوقع تھی اور کیونکہ سری لنکا کی ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں خاصی ناقص کارکردگی دکھاتی رہی ہے، اس لیے پاکستان مداح میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے کی دعائیں کر رہے تھے۔

تاہم آج پورے میچ میں بارش نہیں ہوئی بلکہ سری لنکا کی بیٹنگ کے دوران دھوپ نکلی رہی۔ صحافی فیضان لاکھانی نے اس صورتحال پر تبصر کرتے ہوئے شاعر امجد اسلام امجد کی غزل کے شعر کا مصرعہ لکھا: ’وہ ترے نصیب کی بارشیں کسی اور چھت پر برس گئیں۔‘

اکثر صارفین یہ بات بھی کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اس کارکردگی کے بعد سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کا مستحق نہیں تھا۔ ایک صارف نے اسے ’قدرت کا انتقام‘ قرار دیا۔

صحافی شاہد ہاشمی نے لکھا کہ سنہ 2019 میں بھی نیوزی لینڈ کے ساتھ پوائنٹس برابر ہونے کے بعد نیٹ رن ریٹ کے باعث باہر ہوئی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’شاید بابر اعظم کی کپتانی کا اختتام بغیر کوئی ٹرافی جیتے ہو جائے گا۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.