با اختیار ٹیم کی اہمیت

کچھ سوالات جومجھ سے اکثر پوچھے جاتے ہیں۔ قارئین، خاص طور پر بزنس مین کو ان میں دلچسپی ہوسکتی ہے :

سوال: میں نے پڑھا ہے کہ آپ لوگوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ اُنہیں فرائض کی انجام دہی کے دوران بہت حد تک آزادی سے کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔ اعلیٰ ترین مناصب پر فائز افراد ادارے کو اپنا سمجھ کر چلاتے ہیں۔ اور آپ کو یقین ہے کہ یہ ورجن کی ترقی کا راز، اور ایک نیا کاروبار شروع کرنے اور اسے کامیاب بنانے کی کنجی ہے ۔

میں بھی بزنس کرتا ہوں،اور میرا تجربہ بتاتا ہے کہ عام افراد کسی کی کمپنی میں اتنی جانفشانی اور لگن سے کام نہیں کریں گے جتنا اپنی کمپنی میں۔ آپ کا اس ضمن میں کیا تجربہ ہے؟

جواب: بطور ایک نوجوان بزنس مین، میں نے جواہم ترین مہارت سیکھی وہ ایک بااختیار ٹیم تشکیل دینا تھی۔ اس کے لیے میں نے اپنے مینجرز کو فعال کیا، اُنہیں اختیارات دیے اور اُن کی فعالیت نے مجھے ورجن کمپنیوں کا سلسلہ آگے بڑھانے میں مدد دی۔

انہیں کام کرنے کی ذمہ داری سونپ کر میں دیگر تصورات اور نئے منصوبوں کی متوجہ ہوجاتا۔ اس طرح ہم نیا کاروبار شروع کرلیتے ۔ دوسرے لوگوں کو کھلے ذہن کے ساتھ سنتا ہوں، اورجب اُن کی تجویز اور تجزیہ مجھ سے بہتر ہوتا ہے تو میں اپنے لیے بہتر راہوں کا انتخاب کرلیتا ہوں۔ اس طرح مجھے نئے تصورات اور شاندار افراد مل جاتے ہیں۔ ہمارے افرادتخلیقی اور جدت آمیز صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔

اور سب سے بڑھ کر، اُنہیں کام کرنے میں لطف آتا ہے ۔ جب میں اُن کے سامنے چیلنج رکھتا ہوں، اُن کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں ، اور اُنہیںکام کرنے کے لیے ایک جاندار ماحول فراہم کرتاہوں تو میں دیکھتا ہوں کہ وہ زیادہ محنت ، جانفشانی اور لگن سے کام کرتے ہیں۔

سوال : کیا آپ اپنے اہداف کے حصول کی ایک مربوط اور منظم پالیسی رکھتے ہیں، یا پھر آپ اپنے وجدان کے سہارے حالا ت کی مناسبت سے قدم اٹھاتے ہیں؟

جواب: میں نئے تصورات پر جامع تحقیق کرتا ہوں، بہت سے لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ اُن کا اس ضمن میں کیا خیال ہے، یا وہ اس صورت ِحال کا کیا تجربہ رکھتے ہیں۔ لیکن بہت سے مواقع پر میں اپنے وجدان سے بھی کام لیتا ہوں۔

آپ صرف اعدادوشمار اور رپورٹس کی بنیاد پر ہی فیصلے نہیں کرسکتے ۔ کسی نئے منصوبے کو شروع کرنے کے لیے بہرحال حوصلہ درکار ہوتا ہے ۔ اس کے لیے آپ کو پیش بینی کی صلاحیت بھی چاہیے۔ آپ رسک لینے سے خائف نہ ہوں۔ اس رویے نے میری زندگی میں بہت بڑی تبدیلی برپا کی ہے ۔ یقین کریں، میں کبھی مایوس نہیں ہوا۔

سوال : ورجن کئی ایک شعبوں میں کام کرتی ہے ۔ آپ جس منصوبے پر کام کررہے ہوں، اُس پر توجہ کیسے مرکوز کرتے ہیں؟ کیا آپ کوئی نیا منصوبہ صرف اُس وقت شروع کرتے ہیں جب پرانا مستحکم ہوچکا ہو، یا پھر کئی تصورات پر بیک وقت کام شروع کردیتے ہیں؟

جواب: ورجن کے پلیٹ فارم پر ہم کئی ایک منصوبوں پر بیک وقت کام کررہے ہوتے ہیں، اور وہ سب ترقی کے مختلف مراحل میں ہوتے ہیں۔ ان پر کام کرنے والوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہوتا ہے ۔ اس کی وجہ سے برانڈ میں تازگی اور جدت کا احساس ختم نہیں ہوتا۔

ہر شعبے پر کام کرنے والی ہماری ٹیموں کی توجہ اُسی پر مرکوز رہتی ہے۔ اس دوران ہم دیگر نئے منصوبوںپرکام کرسکتے ہیں۔ میری سینئر مینجمنٹ ٹیم ، جس کی قیادت جوش بیلس کرتے ہیں، ہر چیز کو متحرک رکھتی ہے ۔ میرا کردار حالات کی مناسبت سے فیصلے کرنے کی اجازت دیتا ہے ۔ اس طرح ہم روایتی اور لگے بندھے اصولوں سے گریز کرنے کے قابل ہوجاتے ہیں۔ یہ چیز ہمیں ہر شعبے میں مسابقت کے قابل بنا دیتی ہے ۔

سوال : کیا آپ کبھی کسی منصوبے سے مایوس بھی ہوئے ہیں؟ کیا آپ بھی شکوک و شبہات کا شکار ہوجاتے ہیں؟

جواب : نہیں، ہر گز نہیں۔ میں مثبت سو چ رکھتا ہوں۔کسی بھی نئے کاروبار کو شروع کرنے کا اہم ترین مرحلہ رسک لینا ہوتا ہے ۔ اُس وقت یہ صورت ِحال درپیش ہوتی ہے کہ کیا یہ کام کرے گا یا نہیں۔

اس پر مرحلے پر آپ کو پر اعتماد اور لچک دار رویہ اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ۔۔ تاہم ا س سے مراد غیر ضروری مہم جوئی نہیں۔ میں نے نیا کام شروع کرنے کے لیے دو چیزیں سیکھی ہیں۔

پہلی یہ کہ نقصان کو کم کرنے کے لیے رسک کو کنٹرول کیا جائے۔ مثال کے طور پر جب ہم نے اپنی ایئرلائن شروع کی تو میں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ اگریہ بزنس کامیا ب نہ ہوا تو میں طیارہ ساز کمپنی کو اپنا جہاز واپس کردوں گا۔

دوسرا یہ کہ اگر کام چلتا دکھائی نہ دے تو انتظار نہ کریں، فوراً قدم پیچھے ہٹا لیں۔ محض انا کی تسکین کے لیے کسی تصور پر کاربند نہ رہیں۔ پیچھے ہٹنے میں کبھی توہین محسوس نہ کریں۔

سوال : کیا آ پ سمجھتے ہیںکہ ہر شخص کی زندگی میں سر انجام دینے کے لیے کوئی کام ہوتا ہے؟ اگر ایسا ہے تو کیا آپ اب تک یہ کام پایہ ٔ تکمیل تک پہنچا چکے ہیں؟

جواب: میرا نہیں خیال کہ اس دنیا کا ہر شخص زندگی کا کوئی نہ کوئی مشن لے کر آتا ہے ۔ لیکن میں یہ ضرور محسوس کرتا ہوں کہ اگر آپ کام کا جذبہ رکھتے ہیں اور وہ کام آپ کو لطف دیتا ہے تو آپ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ گزشتہ پچاس برسوں میں نے پوری توجہ ورجن کو ترقی دی ہے۔ یہ ایک بہت اچھا سفر ہے ۔

میں نے اس سے بھرپور لطف اٹھایا ہے ۔ مجھے بہت عمدہ انسانوں سے ملنے اور اُن کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے ۔ لیکن میں یہ کسی طور محسوس نہیں کرتا کہ میں نے اپنا کام پایہ ٔ تکمیل تک پہنچا لیا ہے ۔ اب میرے سامنے بہت سے مسائل ہیں، جیسا کہ ماحولیاتی تبدیلیاں، امن اور صحت۔ میری فائونڈیشن ، ورجن یونائٹ اس پر کام کررہی ہے ۔ مقصدیت ہی زندہ انسانوں کو زندگی کے جذبے سے آشنا کرتی ہے ۔

رچرڈ برنسن26 مارچ ، 2018

© 2018 رچرڈ برنسن (نیویارک ٹائمز سنڈیکٹ کا تقسیم کردہ)

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.