ایرانی مسافر طیارہ گرکرتباہ، 66 جاں بحق

ایران کی نجی فضائی کمپنی آسمان کا مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں عملے کے چھ مسافروں سمیت تمام سوار66افرادہلاک ہوگئے۔مسافر طیارہ تہران سے جنوب مغربی شہر یسوج جا رہا تھاکہ موسم کی خرابی کی وجہ سےاصفہان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔ایرانی حکام نے حادثے کی وجہ تلاش کرنے کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق اتوار کو مسافر طیارہ تہران سے جنوب مغربی شہر یسوج جارہا تھا کہ اچانک اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا اور صوبہ اصفہان کے قریب قصبہ سمیرم کی پہاڑیوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔ طیارے میں عملے کے 6 افراد سمیت 60 مسافر سوار تھے جن میں دو سکیورٹی گارڈ، دو خدمت گزار، ایک پائلٹ اور ایک معاون پائلٹ شامل ہے۔طیارہ گرنے کی اطلاع کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق طیارہ کھیتوں میں ہنگامی لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ایمرجنسی سروس کے ترجمان نے کہاکہ تمام ہنگامی فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے تاہم خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹروں کو جائے وقوع پر جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایرانی فضائی کمپنی آسمان کے سینئر ڈائریکٹر نے بتایاکہ طیارے نے اتوار کی صبح مقامی وقت کے مطابق 5 بجے تہران کے مہر آباد ہوائی اڈے سے اڑان بھری اور صبح 8 بجے ریڈار کی سکرین سے غائب ہو گیا۔ ایرانی حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ اے ٹی آر 72-500 نجی ہوائی کمپنی آسمان ایئرلائن کا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کمپنی کے طیارے ایران کے دور دراز علاقوں تک سفر کے لئے زیادہ استعمال ہوتے ہیں ۔کیونکہ اس کمپنی کو ایسے علاقوں میں طیارے لے جانے کی مہارت حاصل ہے جبکہ یہ طیارے بین الاقوامی سفر بھی کرتے ہیں۔ایران کی ایک غیر سرکاری تنظیم ایرانین ریڈ کریسنٹ کے ورکرز جوحادثے کے وقت اس علاقے میں کام کررہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ جب طیارے کو حادثہ پیش آیا اس وقت علاقے میں شدید دھند چھائی ہوئی تھی۔ ایرانی حکام نے حادثے کی وجہ تلاش کرنے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.