زینب کے قاتل کو جلد از جلد چوک میں پھانسی پر لٹکا دیکھنا چاہتا ہوں، اس کے لئیے قانون بھی تبدیل کرنا پڑا تو کرگذریں گے،شہبازشریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ زینب کا قاتل عمران علی سیریل کلر ہے،جسے گرفتار کرلیا ہے،میرا دل چاہتا ہے کہ اس درندے کو چوک پر لٹکا کر پھانسی دی جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرقانون پنجاب رانا ثنا اللہ اور زینب کے والد کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ زینب کے قتل پر پوری قوم رنجیدہ اور اشک بار ہے۔

ان کا مزید کہناتھاکہ زینب قتل کیس کے ملزم کو پکڑنے کےلئے جے آئی ٹی ، پنجاب فرانزک لیب اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے 14دن شبانہ روز محنت کی ، یہ کاوشیں رنگ لائیں ،اللہ نے زینب کے قاتل کو گرفتار کرادیا ۔

شہبازشریف نے یہ بھی کہا کہ سب نے زینب کو اپنی بیٹی سمجھ کر درد دل کے ساتھ کیس کی تفتیش کی ،اس درندے نما بھیڑیے کو کیفرکردار تک پہنچانے کا دوسرا مرحلہ شروع ہوا چاہتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ 1150ڈی این اے سیمپلز کی پروفائلنگ کی،اس درندے کا ڈی این اے میچ ہوا،جس کے بعد اس کے بیان کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی لیا، اس درندے نے اپنی سیاہ کاریوں کا اقرار کرلیا ہے، بیان کی ویڈیو موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نہ ہوتی تو یہ ممکن نہ ہوتا ، مردان کی عاصمہ ہو یا کراچی کا لڑکا ہم سے بھائی کی حیثیت سے جو مدد چاہیے حاضر ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ زینب قتل کیس انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دن رات چلے گا ،بچی کے والد کی خواہش درندے کو چوراہے پر پھانسی دینے کی ہے،ایسا کرنا غلط نہ ہوگا، اس کے لئے قانون میں ترمیم کرنا پڑی تو کریں گے۔

شہبازشریف نے کہا کہ قانون اس ظالم کو اسی طرح کچلے جس طرح اس نے ننھی کلی کو کچلا تھا ،سیاسی قائدین سے کہتا ہوں کہ خدارا اس نازک معاملے پر سیاسی شعبدے بازی نہ کی جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ دل کی گہرائیوں سے آئی بی ، ایم آئی اور اسپیشل برانچ کے سربراہان کا مشکور ہوں ، سب سے بڑھ کر ڈی جی فرانزک لیب کا مشکور ہوں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.