عمران خان کا لعنت کے بیان کے بعد منتخب ایوانوں سے بھرپور مذمت کے بعد محتاط رویہ، مناسب وقت پر اسمبلیوں سے استعفے دیں گے، عمران خان

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ قومی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے پی ٹی آئی ارکان کے استعفے میرے پاس ہیں ،مناسب وقت پر دے دیں گے۔

پی ٹی آئی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نےدعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو اگلے ماہ کے آخر تک سزا ہوجائے گی، وہ آج کل جو باتیں کررہے ہیں کبھی ایسی باتیں کرتے نہیں دیکھا۔

ان کا مزید کہناتھاکہ نوازشریف کی پوری کوشش ہے کہ وہ کسی طرح سزا سے بچ جائے،پہلے یہ کسی نہ کسی طرح بچ جاتے تھے ،اب ایسا نہیں ہوگا۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت بچانے کے نام پر سارا کرپٹ مافیا میرے خلاف اکٹھا ہوجاتا ہے ،ان کی آپس کی مخالفت ظاہری ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پارٹی کے تمام اراکین نے استعفے میرے پاس جمع کرادیئے ہیں ،اس معاملے پر شیخ رشید سے بھی مشاورت کروں گا،اپوزیشن خیبرپختونخوا میں عدم اعتماد کی تحریک لائے، ہمارے پاس جوابی منصوبہ موجود ہے ۔

ان کا مزید کہناتھاکہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کا معاملہ ختم نہیں ہوا، حکومت کو بتانا پڑے گا کہ اس حساس قانون کو کیوں چھیڑا ؟

پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم نہ کرکے خطرناک کھیل کھیلا جارہا ہے، پرانا نظام ختم ہونے سے پیدا خلا پُر نہ کیا تو دوبارہ دہشت گردی شروع ہونے کا خدشہ ہے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ آج پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں کئی فیصلے کرلئے ہیں ، میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں ،کیا وجہ ہے کہ جب نواز شریف مشکل میں آتےہیں ایل او سی پر بھارت کی فائرنگ شروع ہوجاتی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ سامنے لائی جائے ، قوم اس معاملے کو بھولی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ میں کرپشن کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے ماہرین کی اپنی ٹیمیں بنارہے ہیں ،نقیب اللہ محسود اور سانحہ قصور جیسے واقعات اس لیے ہوتےہیں کہ پولیس کرپٹ ہے ، خیبر پختونخوا میں لوگوں کو پولیس پر اعتماد ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.