بیس منٹ اضافی نیند آپ کو میٹھے سے دور رکھ سکتی ہے، تحقیق

میٹھے کے شوقین افراد کے لئے اسنیک اور دیگرمیٹھی چیزوں سے ہاتھ روکنا ناممکن ہوتا ہےلیکن ایک نئی تحقیق نے ایسے لوگوں کی مشکل آسان کردی ہے۔

برطانوی اخبار ’’ڈیلی میل ‘‘ کے مطابق حالیہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اب میٹھے سے دور رہنا اتناہی آسان ہے جیسے سونے کے لئے بیڈ پر جانا کیونکہ صرف 20منٹ کی اضافی نیندآپ کی خوراک میں کیک کے نصف سلائس کے برابر کمی کرسکتی ہے۔

کنگز کالج لندن کے ریسرچرز کا کہنا ہے کہ نیند سے محروم افراد جب بھرپور سوتے ہیں تواُن میں صحت بخش خوراک کی رغبت پیدا ہوتی ہے۔

تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سات گھنٹے سے کم نیند لینے والے گروپ نے جب اوسطاً 21منٹ زیادہ نیند لی تو اُن کی غیر صحت بخش خوراک یا چینی کی مقدار میں دس گرام تک کمی آئی، جوآئسنگ کے ساتھ کیک کے آدھے ٹکڑے کے برابر ہےجبکہ گروپ نے کاربوہائیڈیٹس کی مقدار میں بھی کمی کی۔

تحقیق کاروں نے یقین ظاہر کیا ہے کہ نیند سے محرومی دماغی خلیات کو غیرصحت بخش خوراک پر تیزی سے راغب کرتی ہے، شاید اسی لئے جو لوگ کافی نیند نہیں لیتے اُن کا وزن بڑھتا ہے۔

ریسرچ میں نیند کی کمی کے شکار ایسے 42 صحت مند اور نارمل وزن والے افراد کو شامل گیا جو رات میں پانچ سے سات گھنٹے کی نیند لیتے تھے۔

نتائج سے پتہ چلا کہ 86فیصد افراد بیڈ ٹائم اوسطاً55منٹ تک بڑھانے میں کامیاب ہوئے جبکہ نصف نے اپنی نیند کا دورانیہ اوسطاً21منٹ تک بڑھادیا، ایک ماہ کی اچھی نیند کے بعد اِن لوگوں نےچینی کا استعمال اوسطاًروزانہ 9اعشاریہ 6فیصد تک کم کردیا، جو تجویز کردہ مقدار کا تیسرا حصہ یا تقریباً آدھی چاکلیٹ باربنتی ہے۔

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ریسرچ ٹیم کا کہنا ہے کہ کم چینی کھانے کی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ زیادہ وقت بستر پر رہنے کی وجہ سے ان لوگوں کو اسنیکس کے لئے کم وقت ملا۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.