محمد یوسف پاکستان انڈر 19کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان محمد یوسف کو پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

محمد یوسف کا پہلا اسائنمنٹ 8 سے17 دسمبر تک متحدہ عرب امارات میں ہونے والا انڈر 19 ایشیا کپ اور 13 جنوری سے 4 فروری تک سری لنکا میں ہونے والا انڈر 19 ورلڈکپ ہوگا۔

محمد یوسف اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔

محمد یوسف کا شمار پاکستان کے چند کامیاب ترین بیٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے 1998 سے 2010 تک اپنے کریئر میں 7 ہزار 530 ٹیسٹ رنز اور 9 ہزار 720 ون ڈے رنز اسکور کیے۔

انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک کیلنڈر سال ( 2006 ) میں سب سے زیادہ 1788 رنز بنانےکا اعزاز حاصل ہے ۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ یہ ذمہ داری سونپے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کے شکر گزار ہیں ، یہ ذمہ داری ان کے لیے باعث اعزاز ہے، وہ انڈر19 ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈکپ میں اپنی ذمہ داری نبھانے کے منتظر ہیں ، یہ دونوں ٹورنامنٹس کھلاڑیوں کے آگے بڑھنے کے لیے اہم ہیں اور امید ہے کہ ہم ان میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سینیئر ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں لہٰذا وہ اپنا تجربہ انڈر 19 سیٹ اپ میں بھی بروئےکار لائیں گے تاکہ انہیں ایسا ماحول فراہم کیا جاسکے کہ وہ انٹرنیشنل لیول تک بڑھ سکیں۔

ان کا کہنا ہےکہ نوجوان کرکٹرز کی مہارت کا درست استعمال پاکستان کی کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے، لہٰذا وہ اس بات کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں کہ مستقبل کے اسٹارز کی شناخت، ان میں بہتری اور انہیں مستقبل کے لیے تیار کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.