عوام کو بہتر سہولتیں دینے کیلئے ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام الناس کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے سلسلہ میں حکومتی استعداد کار بڑھانے کےلئے ضروری ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے‘ حکومت کی کوشش ہے کہ ٹیکس کے نظام کو شفاف بنایا جائے تاکہ ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان سے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور چیئرمین نادرا عثمان یوسف مبین نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے حوالہ سے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پروزیرِاعظم نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ سے جہاں موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا وہاں حکومت کی جانب سے ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم، صحت اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے تاہم اس کےلئے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.