دبئی ٹیسٹ کا تیسرا روز، آسٹریلیا کی عمدہ بیٹنگ

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ دبئی میں جاری ہےجہاں کھیل کے تیسرے دن آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی نامکمل اننگز 30 رنز بغیر کسی نقصان سے آگے بڑھائی ۔

ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل شروع ہوا تو ایرون فنچ 13 اور عثمان خواجہ 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

گزشتہ روز پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد کینگروز اوپنرز نے 30 رنز بنائے۔

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 255 رنز تین وکٹوں کے نقصان سے کیا تو حارث سہیل اور محمد عباس کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے مجموعی اسکور میں 5 رنز کا اضافہ ہی کیا تھا کہ محمد عباس پیٹر سڈل کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، وہ 26 گیندوں پر ایک رنز ہی بنا سکے۔

دوسرا روز پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کے نام رہا جنہوں نے اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری اسکور کی۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور اسد شفیق نے 150 رنز بنائے۔ حارث سہیل 110 اور اسد شفیق 80 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل نے 3، نیتھن لیون نے دو جب کہ جون ہولاند، مارنس لیبسچگنی اور مچل اسٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.