جعلی اکائونٹس، جے آئی ٹی کا پہلا نوٹس، ملزمان کی آج پیر سے طلبی ہوگی

جعلی اکاؤنٹس کیس میں بننے والی جے آئی ٹی نے باضابطہ طور پر اپنے کام کا آغاز کرتے ہوئے پہلا نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔سپریم کورٹ کے حکم پر بننے جے آئی ٹی اب مکمل طور پر فعال ہوچکی ہے جو آئندہ ہفتے اپنی پہلی رپورٹ پیش کریگی۔کیس کی جے آئی ٹی اب کراچی سے کام کریگی ٗجس نے گلستان جوہر میں واقع ایف آئی اے کے نئے دفتر میں اپنا آفس قائم کرلیا ہے۔ جے آئی ٹی کے ایک رکن کے سوا تمام ارکان اسلام آباد میں ملازمت کرتے تھے مگر تحقیقات کیلئے اب وہ کراچی میں ہی رہیں گے۔ذرائع کے مطابق کراچی میں جے آئی ٹی کے دفتر کے تمام انتظامی معاملات آخری مراحل میں ہیں اور جے آئی ٹی کے تمام ارکان تحقیقات کے پہلے مرحلے میں اپنے متعلقہ اداروں سے سپورٹنگ سٹاف بھی طلب کرچکے ہیں جبکہ جے آئی ٹی کے اس دفتر کے لیے سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل ہوگئے ہیں جس کیلئے پولیس اور رینجرز کی تعیناتی بھی ہوچکی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی جے آئی ٹی نے وفاقی حکومت سے دو کروڑ کا فنڈ مہیا کرنے کی درخواست بھی دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت تمام نامزد ملزمان کو پیر سے طلب کرنا شروع کردے گی۔جے آئی ٹی کو تحقیقات کیلئے ضابطہ فوجداری، نیب آرڈیننس، ایف آئی اے ایکٹ اور اینٹی کرپشن قوانین کے تحت تمام اختیارات حاصل ہوں گے۔بینکنگ افسران کیساتھ ساتھ اس کیس میں کاروباری افراد کا نام آرہا ہے ٗ اومنی گروپ کے سربراہ پر الزام ہے کہ انہوں نے جعلی اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن کی ۔آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی اس کیس میں نامزد ہیں جبکہ سپریم کورٹ تمام متعلقہ اداروں میں اس کیس سے متعلق ہونے والی تحقیقات اور عدالتی ٹرائل کو روک چکی ہے ٗجے آئی ٹی اس کیس کی از سر نو تحقیقات کر رہی ہے اور سپریم کورٹ کے حکم مطابق جے آئی ٹی کو ہر 15 دن میں اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کرنی ہے ٗکیس کی اگلی سماعت 24 ستمبر کو سپریم کورٹ میں ہوگی۔دریں اثناء عدالت عظمیٰ نےʼʼ اربوں روپے کی منی لانڈرنگ ʼʼکے مقدمہ کے ایف آئی اے کے پاس زیر حراست ملزمان،اومنی گروپ کے مالکان انورمجید اور عبدالغنی مجید کی بیماری کے تعین کے لئے اعلیٰ سطح کا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے حوالے سے دائر کی گئی درخواستوں کو سوموار17ستمبر کو سماعت کے لئے مقرر کردیا ہے ۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ درخواستوں کی سماعت کرے گا ،عدالت نے اٹارنی جنرل ،ایڈوکیٹ جنرل سندھ ،آئی جی سندھ ، ڈی جی ایف آئی اے ،چیف سیکرٹری سندھ ، صوبائی سیکرٹری صحت سندھ ، جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کراچی کی سربراہ ، ڈاکٹر سیمی اور ملزمان کے وکیل شاہد حامد کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.