ایسا لگتا ہے سفر ختم،منزل قریب ہے، عرفان خان

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکارعرفان خان نے16 مارچ کو مداحوں کو باخبر کیا تھا کہ ان میں نیورو اینڈوکرائن ٹیومر نامی مرض کی تشخیص ہوگئی ہے۔

عرفان خان ان دنوں علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں،اب عرفان خان نےپہلی بار اپنی بیماری اور ذہنی حالت سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا سےخصوصی بات کرتے ہوئے عرفان خان نے واضح کیا کہ ان کی بیماری معمولی نہیں بلکہ بڑی ہے اور انہوں نے اب اس بیماری کو تسلیم کرکے اس کے آگے سر تسلیم خم کردیا ہے۔

اداکار کی باتوں سے اندازہ ہوتا ہے کہ اگرچہ وہ مایوس نہیں، تاہم وہ سخت ذہنی اذیت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔

عرفان خان کے مطابق وہ کچھ وقت پہلے تک زندگی کو ایسا محسوس کرتے تھے، جیسے وہ کسی تیز رفتار ٹرین میں سوار ہوں اور وہ تیزی سے خوابوں، خواہشات، خوشیوں اور منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، تاہم اب ایسا نہیں ہے۔

اداکار کے مطابق انہیں اب ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے تیز رفتار ٹرین کے سفر کے دوران کسی نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر انہیں کہا ہو کہ ’بس اب آپ کا سفر ختم ہونے کو ہے، آپ کی منزل قریب ہے، اب آپ اس ٹرین سے اتر کر نیچے آئیں‘۔

عرفان خان کے مطابق انہیں یہ سوچ کر صدمہ پہنچتا ہے کہ یہ سب کچھ اچانک کیسے ہوگیا۔

عرفان خان کے مطابق کرکٹ گراؤنڈ لیڈز میں ان کے پسندیدہ کرکٹرز کی تصاویر دیکھ کر انہیں خوشی نہیں ہوتی۔

اداکار نے اعتراف کیا کہ دنیا بھر سے لوگ ان کی صحت یابی کےلیے دعا کرتے ہیں۔

عرفان خان نے خط میں اپنی بیماری کو کڑا امتحان اور کھیل میں آجانے والی خرابی یا رکاوٹ قرار دیا، جسے ٹھیک کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ورسٹائل اداکار نے اعتراف کیا کہ ان میں بیماری کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں تکلیف سے گزرنا پڑا، اب وہ خوف اور درد ایک ساتھ محسوس کرتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.