’میسی ہمارے بزرگوں کی قبروں پر میچ نہ کھیلیں‘

فلسطینی بچوں نے ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرلیونل میسی کو خط لکھا ہے جس میں ان سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ ہمارے بزرگوں کی لاشوں پر بنائے گئے اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے سے انکار کر دیں۔

ستر سے زائد فلسطینی بچوں کی جانب سے لکھا جانے والا یہ خط اسرائیل میں ارجنٹائن کے سفارت خانے کے حوالے کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ ان متاثرہ خاندانوں کے بچے ہیں جن کے گائوں تباہ کرکے یہ اسٹیڈیم دوبارہ تعمیر کیا گیا ہے۔

فلسطینی بچوں نے خط میں لکھا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ آپ ہمارے تباہ شدہ گائوں پر تعمیر کردہ اسٹیڈیم میں ان لوگوں کے ساتھ میچ کھیلیں گے جو ہماری دربدری کے ذمہ داروں کے نمائندہ ہیں۔

ان اطلاعات کے بعد ہماری خوشی غموں میں ڈھل گئی ہے، ہمارے دل ٹوٹ گئے ہیں کہ لیونل میسی جو ہمارا ہیرو ہے ، ہمارے آبائواجداد کی قبروں پر تعمیر ہونے والے ا سٹیڈیم میں میچ کھیلے گا ،لیکن ہماری دعا ہے کہ لیونل میسی ہمارے دل نہیں توڑیں گے۔

متنازع علاقے میں واقع اسٹیڈیم میں میچ کے انعقاد پر فلسطین کی فٹبال فیڈریشن کے صدر جبرائیل نے اپنے ارجنٹائن کے ہم منصب کواحتجاجاً خط تحریر کیا ہے ،انہوں نے احتجاجی خط جنوبی امریکا کی فٹبال فیڈریشن اور فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کو بھی تحریر کر چکے ہیں ۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ کا آغازروس میں ہونے والا ہے اس سے قبل ارجنٹائن اور اسرائیل کے درمیان9جون کو وارم اپ میچ اسی متنازع اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گاجس پر 1948 میں اسرائیلی افواج نے فلسطینی باشندوں کو بے دخل کر کے اس علاقے پر قبضہ کر لیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.